ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاسرگوڈ:سیاسی رقابت کی وجہ سے چھرا گھونپ کر کیا گیا ڈی وائی ایف آئی کارکن کاقتل

کاسرگوڈ:سیاسی رقابت کی وجہ سے چھرا گھونپ کر کیا گیا ڈی وائی ایف آئی کارکن کاقتل

Thu, 24 Dec 2020 11:18:27    S.O. News Service

کاسرگوڈ،24؍دسمبر (ایس او نیوز) کاسرگوڈ کے کنن گڑھ علاقے میں سیاسی رقابت کی وجہ سے ایک شخص کو چھرا گھونپ کر قتل کردیا گیا ہے۔ مہلوک کی شناخت عبدالرحمان(29سال) کے طور پر کی گئی ہے جو کہ کلّوراوی کا رہنے والا تھا۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق عبدالرحمان پر ہتھیارسے لیس ایک ٹولی نے اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنے دوست کےساتھ بائک پر سوار ہوکر گھر کی طرف لوٹ رہا تھا۔ حملہ آوروں نے اس کا راستہ روکنے کے بعد عبدالرحمان کے جسم میں کئی مرتبہ چاقو گھونپ دیا جس سے اس کو گہرے زخم آئے۔ حالانکہ علاج کے لئے اس کو اسپتال لے جایا گیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ چل بسا۔

بتایا جاتا ہے کہ اس حملے میں بائک پر سوارعبدالرحمان کا دوست صہیب بھی زخمی ہوا ہے جس کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ جبکہ ایک حملہ آور  ارشاد (26سال)کو بھی چاقو کے زخم آئے ہیں جس کی وجہ سے  اس کومنگلورو کے اسپتال میں داخل کیاگیا ہے۔

ڈی وائی ایف آئی کے ذمہ داروں نے الزام لگایا ہے کہ مسلم لیگ والوں نے سیاسی رقابت کی وجہ سے یہ حملہ کیا ہے اور وہی اس قتل کے ذمہ دار ہیں۔سمجھا جاتا ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات کے بعد ڈی وائی ایف آئی اور مسلم لیگ کارکنان میں جو  پرتشدد جھڑپیں ہوئی تھیں، اسی ضمن میں انتقامی کارروائی کے طور پر یہ قتل ہوا ہے۔ڈی وائی ایف آئی نے اس قتل کی مذمت کرتےہوئے 24دسمبر کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ اس حملے میں 6 افراد ملوث تھے۔تین ملزمین کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ہے۔ کنن گڑھ ڈی وائی ایس پی ونود کی قیادت میں اس معاملے کی تحقیقاتی کارروائی چل رہی ہے۔علاقے میں امن وامان بنائے رکھنے کے لئے  پولیس نے حفاظتی بندوبست تیز کردیا ہے۔


Share: